تاریخی ٹیسٹ شروع ہوتے ہی امام الحق سے متعلق تشویشناک خبر آ گئی

ڈبلن: آئرلینڈ کیخلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کے آغاز پر ہی امام الحق سے متعلق تشویشناک خبر آ گئی ،اننگز کی پہلی ہی گیند پر رن لینے کے دوران دو فیلڈرز سے ٹکرا کر گراﺅنڈ میں گر پڑے۔نوجوان اوپنر امام الحق ٹکرانے کے بعد کچھ دیر تک گراﺅنڈ میں ہی لیٹے رہے تاہم کچھ ہی دیر میں اپنے پیروں پر کھڑے ہو گئے اور دوبارہ کریز سنبھال لی تاہم وہ زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پائے اور 26 گیندوں پر 7 رنز بنا کر مرتاغ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ آج شروع ہوا ہے اور آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم پانچ با ﺅ لرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد کے علاوہ اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، امام الحق، محمدعامر، راحت علی اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں ، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی ۔ گذشتہ روز آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا ۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے میچ کے متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔

Comments

comments

Leave a Comment