حسن علی یا پھر بھارتی کپتان ویرات کوہلی۔۔ دونوں میں سے زیادہ فٹ کون ہے۔جانئے

لاہور: 6ماہ بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپس آنے کی کوشش کرنے والے آل راﺅنڈر عماد وسیم کو اس وقت دھچکہ لگا جب پاکستان ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کی آزمائش میں عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے،انہوں نے17.2کا سکور حاصل کیا۔ ان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ حیران کن طور پر فٹنس ٹیسٹ میں سابق کپتان اور آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے شرکت نہیں کی انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ وہ اپنی بہن کی علالت کی وجہ سے نہیں آسکتے تاہم شام کو حفیظ پریکٹس کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

حفیظ منگل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے تاہم انہیں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ان کی جگہ ایشیا کپ کی ٹیم میں اوپنر شان مسعود شمولیت کے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں۔ قومی اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ میں کپتان سرفراز احمد سپر فٹ قرار پائے اور دوسروں کےلئے مثال بن گئے۔ سرفراز احمد نے کراچی میں گذشتہ دو ہفتے کلفٹن میں سخت ٹریننگ کی تھی جس کے بعد ان کے فٹنس لیول میں نمایاں بہتری دکھائی دی۔

یویو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی اوسط 18.9 رہی۔ کپتان سرفراز احمد کا ٹیسٹ میں کیریئر کا بہترین نتیجہ سامنے آیا۔ سرفراز احمد کا فٹنس لیول 18.4 فیصد رہا۔ یو یو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کیلئے کم سے کم 17.4 پوائنٹس حاصل کرنا لازمی تھا۔ حسن علی کی فٹنس میں بھی بہتری نظر آئی، انہوں نے 20 پوائنٹس حاصل کیے اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے زیاد ہ فٹ کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے19پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

فاسٹ باﺅلر جنید خان کی یو یو ٹیسٹ میں ٹاپ 3 پوزیشن رہی۔ ذرائع شعیب ملک کے فٹنس لیول میں بھی بتدریج بہتری آرہی ہے،انہیں 17.8 پوائنٹس ملے۔ پاکستان ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کا دوسرا مرحلہ قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے۔10 ستمبر تک جاری رہنے والی مشقوں میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر بنانے کیلئے مشقیں کی جائیں گی۔

لاہورمیں شیڈول کیمپ کیلئے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ ایشیا کپ 15ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا۔ گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلیں گے جبکہ 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ شیڈول ہے۔

Comments

comments

Leave a Comment