زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم مزید جارحانہ انداز اپنانے کے لئے تیار!ہر دلعزیز کھلاڑی کی قومی ٹیم میں واپسی

لاہور : پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے فٹ قرار دے دیئے گئے ہیں۔ وہ امام الحق، جنید خان اور یاسر شاہ کے ساتھ جمعے کی شب لاہور سے ہرارے روانہ ہوں گے۔ سلیکٹر ز نے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم کی شمولیت کو ان کی فٹنس سے مشروط کیا تھا اور اوپنر شان مسعود کو سٹینڈ بائی رکھا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق ان دنوں نجی دورے پر انگلینڈ میں ہیں تاہم گذشتہ دو دن سے قومی اکیڈمی میں بابر اعظم نے نیٹ پر بیٹنگ کی جس کے بعد کوچز اور ڈاکٹروں نے انہیں پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کے لئے گرین سگنل دیا۔ بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔ کلائی میں فریکچر کے باعث انہیں چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی وطن واپس آجائیں گے۔24سالہ بابر اعظم لسٹ اے کرکٹ میں 17 سنچریوں سکور کرکے اس فارمیٹ میں 16،16سنچریاں بنانے والے سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک ،اظہر علی، اعجاز احمد اور احمد شہزاد کا ریکارڈ توڑ کر محمد حفیظ کے ساتھ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنےوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

بابر اعظم اب تک103لسٹ اے میچز کی101اننگز میں51.42 کی اوسط سے 4628رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 17سنچریاں اور 24نصف سنچریاں شامل ہیں۔لسٹ اے کرکٹ میں قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کے ساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنے والے ملکی بلے باز ہیں۔ ٹیسٹ اوپنر زسلمان بٹ اور خرم منظور21،21سنچریوں کے ساتھ دوسرے،وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس19،19سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر تیسرے جب کہ سابق اوپنر سلیم الہی 18سنچریاں سکور کرکے چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

Comments

comments

Leave a Comment