محرم الحرام کا احترام۔۔ایشیا کپ میں پاک بھارت کرکٹ ٹاکرے کے حوالے سے بڑی پابندی عائد

لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے 19ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کے لیے عوامی مقامات یا پارکس پر بڑی سکرینز نصب کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15ستمبر سے متحدہ عرب امارات کے گراﺅنڈز میں شروع ہورہا ہے جس میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 19ستمبر کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین مقابلہ شیڈول ہے ،اس مقابلے کے لیے کرکٹ شائقین میں تو بہت جوش و خروش پایا جارہا ہے تاہم ملک بھر محرم الحرام کے سلسلے میں جلوس اور تعزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک بھارت ٹاکرے کے لیے صوبے بھر میں بڑی سکرین نصب کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ،اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے،مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی قسم کے ہلے گلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اس مراسلے کے احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائےگا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان،، بھارت،، سری لنکا،، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب انکے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان،، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش،، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔

Comments

comments

Leave a Comment