ملتان سلطانز کیخلاف اہم میچ سے پہلے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا جھٹکا لگ گیا، اہم ترین کھلاڑی انجری کے باعث باہر ہو گیا

شارجہ  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر رومان رئیس انجری کے باعث ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں میں شریک نہیں ہوں گے۔ رومان رئیس ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنا زخمی ہونے کے سبب ان فٹ ہو گئے تھے۔

ٹیم انتظامیہ کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ وہ صحت یاب ہو کر جلد ٹیم کا حصہ بن جائیں گے مگر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق ٹیم کے فزیو ایرل ایلکاٹ رومان کی چوٹ کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر سے رابطے میں تھے جنہوں نے بتایا ہے کہ رومان رئیس کی حالت تو بہتر ہے مگر ان کا گھٹنا باؤلنگ کرتے ہوئے زیادہ وزن برداشت نہیں کر رہا۔

ڈاکٹر کا مشورہ ہے کہ رومان کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنا چاہئے جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا ہے کہ رومان پی ایس ایل تھری کے بقیہ میچوں میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن ان کا آرام کرنا ہی درست فیصلہ ہے۔

واضح رہے کہ رومان رئیس اسلام آبادیونائیٹڈ کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو زخمی ہو کر پی ایس ایل سے باہر ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 29 سالہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب پاکستان سپر لیگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

Comments

comments

Leave a Comment