ویرات کوہلی بھی شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اتوار کو فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی جبکہ مختلف حصوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔

اس بربریت پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے بھرپور احتجاج کیا جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ”مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی پریشان کن اور ہولناک ہے، آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر معصوموں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے،حیرت ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کہاں ہیں اور وہ اس خون خرابے کو روکنے کے لیے کوئی کردار ادا کیوں نہیں کررہے؟“۔

اس ٹویٹ کے فورابعد شاہد آفریدی کے خلاف بھارتی میڈیا نے مہم چلاتے ہوئے انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا اور سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر بھی اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔گوتم گمبھیرنے ٹوئٹر پر شاہدآفریدی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ”آفریدی یو این کو ڈھونڈ رہے ہیں اور آفریدی کی ڈکشنری میں یو این انڈر 19 ہے جوکہ انکی عمر کی بھی حد ہے، میڈیا پرسکون رہے، آفریدی نو بال پر وکٹ کا جشن منارہے ہیں“ ۔

آفرید ی کے اس بیان پر بھارتی میڈیا نے اپنی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے اس بارے میں ان کے خیالات جاننے کے لیے رابطہ کیا تو ان کاکہنا تھا کہ کسی خاص مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کر نا ہر شخص کا اپنا ذاتی انتخاب ہوتا ہے،جب تک مجھے کسی واقعے کے بارے میں مکمل معلومات نہ حاصل ہوں میں اس پر بات نہیں کروں گا تاہم آپ کا ملک ہمیشہ آپ کا سب سے پہلا انتخاب ہوتا ہے ۔

Comments

comments

Leave a Comment