ٹیم سے ڈراپ ہونے پر محمد حفیظ دلبرداشتہ۔۔ محمد حفیظ کی جانب سے کرکٹ کیریئر سے متعلق اہم اعلان متوقع

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5ستمبر 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے ۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز ایشیاءکپ کے لیے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تاہم حیرت انگیز طور پر 37سالہ محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو سکواڈمیں شامل کیا گیا جس پر سابق ٹی ٹونٹی کپتان انتہائی خفا ہیں اور آج دوپہر 3بجے پریس کانفرنس میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم سے باہر کیے جانے پر بورڈ سربراہ کو شکایتی خط لکھا جس میں ان کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی اچھی کارکردگی کے باوجود جان بوجھ کر نظر انداز کررہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے نام خط میں محمد حفیظ نے موقف اپنایا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ اس طرح کا رویہ ایک سینئر کرکٹر کے ساتھ کیوں رکھا جارہاہے، اگر نہیں کھلانا تو پھر واضح طور پر بتادیا جائے تاکہ عزت کے ساتھ الگ ہوجاﺅں۔

ذرائع کے مطابق بورڈ حکام کی طرف سے کرکٹر کو آئندہ سیریز میں کھلانے کی یقین دہانی نہ ہوئی تو وہ چند روز میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو لکھے گئے خط میں گلے شکوے کرنے والے محمد حفیظ کا نام ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، وہ اس بات پر ناراض ہیں کہ پہلے انہیں زمبابوے ٹور کا حصہ نہیں بنایا گیا، اب ایشیا کپ جیسے اہم ایونٹ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔محمد حفیظ اس سے پہلے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے سے بی کیٹگری میں تنزلی پر بھی اپنے غصے کا اظہار کرچکے ہیں۔ اب ایک بار پھر ٹیسٹ اوپنر اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر خفا ہیں۔

Comments

comments

Leave a Comment