کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والا واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ پاکستان نے کب اور کس ٹیم کیخلاف کھیلا تھا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ کسے ملا تھا؟ جانیے دلچسپ معلومات

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میں کئی سالوں سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں اور کراچی کے معروف نیشنل سٹیڈیم میں پچھلے 8 سالوں سے کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم نہیں کھیلنے آئی اور اب ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے آج کراچی پہنچ رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ کل کھیلا جائے گا جس کے ساتھ ہی نو سالوں بعد دوبارہ کراچی میں باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہو جائے گا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی یوں تو تاریخی اہمیت کا حامل ہے جہاں کئی یادگار میچ کھیلے گئے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس گراﺅنڈ پر واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کن ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ کس نے حاصل کیا تھا؟ انتہائی دلچسپ معلومات جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں واحد ٹی 20 میچ 20 اپریل 2008ءمیں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 102 رنز سے فتح حاصل کی۔ اس میچ کیلئے پاکستان ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے تھے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹک ٹک کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے مصباح الحق نے 82 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا جبکہ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور منصور امجد نے ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر

پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ پاکستان کے لیجنڈ بلے باز مصباح الحق نے 82 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے جبکہ یونس خان نے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم محض 101 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی اور یوں اس میدان میں کھیلا جانے والا واحد ٹی 20 انٹرنیشنل پاکستان کے نام رہا۔ بعدازاں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور پاکستانی اپنی سرزمین پر کرکٹ کا کھیل دیکھنے کو ترس گئے۔9 سال کے طویل عرصے کے بعد کراچی کے باسیوں کو اپنے شہر میں کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے اور ویسٹ انڈین ٹیم کی آمد سے باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں جس پر شائقین پرجوش ہیں جبکہ ان کی یہ خواہش بھی ہے کہ پاکستانی ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی جیت کیساتھ ہو اور اس میدان پر 9 سالوں بعد کھیلا جانے والا انٹرنیشنل ٹی 20 میچ بھی پاکستانی ٹیم کے نام رہے۔

 

Comments

comments

Leave a Comment