کوہلی کو باؤلنگ کرنے سے زیادہ مشکل کام کیا ہے فاسٹ بولر محمد عامر نے دلچسپ جواب دے دیا

ہرارے : فاسٹ باﺅلر عامر نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ویرات کوہلی کو آﺅٹ کرکے ایک طرح سے بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑی تھی،البتہ وہ اس سے بھی زیادہ مشکل کام والد کا فرض نبھانے کو قرار دیتے ہیں،عامر کی ایک 9 ماہ کی بیٹی منسا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میرے لیے والد بننا زیادہ چیلنجنگ ثابت ہوا کیونکہ اس کی ذمہ داری سب سے زیادہ ہوتی ہیں۔

ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے خود پر ”بائیوپک“ کیلئے بھارتی اداکار کا انتخاب بھی کرلیا، انھوں نے کہاکہ اگر مجھ پر فلم بنی تو اس کیلئے شاہد کپور زیادہ موزوں رہیں گے۔محمد عامر نے آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو سمتھ کو زیادہ مشکل بیٹسمین قرار دیا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کرکٹ تاریخ کے کس بیٹسمین کو گیند کرنا پسند کرتے تو انھوں نے سابق ویسٹ انڈین کپتان برائن چارلس لارا کا نام لیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کی جو ویڈیوز دیکھیں ان سے ہی اچھی طرح اندازہ لگالیا کہ وہ اپنے دور کے مشکل ترین بلے باز تھے۔

دنیائے کرکٹ سے باہر کسی شخصیت کو پسند کرنے کے بارے میں محمد عامر نے سائنسدان سٹیون ہاکنگ کا نام لیا جنھوں نے ایک خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود کافی شہرت کمائی، فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو اپنی زندگی میں مختلف رکاوٹوں پر عبور پاکر کامیابی حاصل کرتے ہیں، حال ہی میں مجھے میری بیوی نرجس نے اس سائنسدان کے بارے میں بتایا جو چلنے پھرنے اور بات چیت کرنے کے قابل نہیں تھے اس کے باوجود پوری دنیا میں شہرت حاصل کی۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک 213 وکٹیں لینے والے عامر تینوں فارمیٹس میں ہیٹ ٹرک کرنے کے خواہاں ہیں، ان کی خواہش ہے کہ نوبال پر فری ہٹ کا قانون بھی ختم کردینا چاہیے۔ انھیں بالی ووڈ فلموں میں بھی کافی دلچسپی ہے۔ عامر نے آخری فلم جو دیکھی وہ پدماوت ہے جس میں شاہد کپور بھی شامل ہیں۔ عامر نے یہ بھی بتایا کہ وہ فٹ بال کے بھی بہت بڑے شائق اور ارجنٹائن کے سرجیو اگویروکو پسند کرتے ہیں۔

Comments

comments

Leave a Comment